پشاور (آئی این پی) پشاور میں ایک مرتبہ پھر 110کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والی آندھی اور طوفان نے تباہی مچا دی جس سے کئی عمارتوں کی دیواریں کھمبے، سائن بورڈ، ہورڈنگ بورڈز گرگئے ،درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ ہسپتال کی دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پشاور اور اس کے گردونواح میں تیز آندھی نے تباہی مچا دی۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آندھی 110کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آئی جس نے درخت، سائن بورڈ اکھاڑ پھینکے، آندھی سے ایک ہسپتال اور کئی کچے مکانات کی دیواریں او ر چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 2افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔