اسلام آباد(آن لائن)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ماہ رمضان گرم اور خشک گزرے گا۔ جون کا ماہ گرم ترین ماہ کے طور پر ہی گزرے گا۔ گزشتہ رات کو آنے والی آندھی ہفتے میں ایک مرتبہ دوبارہ آ سکتی ہے اور لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہو گا اور گرمی کی شدت بھی بڑھے گی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی رات کے پی کے اور اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب اور پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں آنے والی تیز آدھی اور بارش کی وجہ سے آنے والی مغربی ہوائیں تھیں۔ جو ان علاقوں میں درجہ حرارت زیادہ ہونے اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کے باعث آندھی اور بارش کے باعث بنتی ہیں۔ تاہم اس قسم کی آندھیاں ہفتہ میں ایک مرتبہ پھر آ سکتی ہیں۔ جولائی کے پہلے ہفتہ سے ستمبر کے اختتام تک ان ہواؤں میں کمی رونما ہو گی۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ چار سے پانچ روز میں آندھی اور بارش کا باعث بننے والی مغربی ہواؤں کے آنے کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہو گا اور گرمی کی شدت بھی بڑھے گی۔