گوجرانوالہ (این این آئی) مسلم لیگ (ن )اور پی ٹی آئی کے ناموں سے منسوب بھینسوں کی لڑائی کرائی گئی اور سخت مقابلے کے بعد لیگی بھینسے نے پی ٹی آئی بھینسے کو شکست سے دو چار کر دیا۔تفصیلات کے مطابق مقابلہ تھانہ اروپ کے علاقہ محلہ صادق آباد مدو خلیل روڈ پر ہوا، جہاں پربشیر سندھی نامی شخص نے اپنے د و بھینسے جن کے نام (ن )لیگ اور پی ٹی آئی کے ناموں سے منسوب کر کے ان کے جسموں پر پارٹی نام لکھا مقابلہ ڈھول کی تھاپ پر شروع کیا گیا اور 40 منٹ تک جاری رہا۔ ن لیگ سے منسوب بھینسے نے پی ٹی آئی بھینسے کو سخت مقابلے کے بعد شکست دیدی ۔مقابلہ سینکڑوں لوگوں نے دیکھا۔ ن لیگی بھینسے کا وزن دس من اور عمر 6 سال اور پی ٹی آئی بھینسے کی عمر پانچ سال اور وزن 8 من تھا۔بھینسے کے مالک کا کہنا تھا کہ دونوں سیاسی جماعتیں آئے روز ٹی وی پر ایک دوسرے پر بیان بازی کرتی رہتی ہیں ٗ اس لئے یہ مقابلہ کرایا ہے کہ کون جیتے گا۔ جیتنے والے بھینسے کے حامیوں نے خوشی میں ہوائی فائرنگ کر دی جس سے خوفزدہ ہو کر لوگ بھاگ گئے تاہم پولیس اس سارے واقعہ سے لاعلم رہی۔