لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعظم کے اختیارات وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے سپرد کرنے کے اقدام کو چیلنج کر دیا گیا ۔ عوامی تحریک کی جانب سے اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کے تحت وزیر اعظم اپنے اختیارات کسی وزیر کو تفویض نہیں کرسکتے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی عدم موجودگی سے ملک میں آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے ۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ اسپیکر قومی اسمبلی فوری اجلاس بلا کر نیا قائد ایوان منتخب کرنے کا حکم دیا جائے جبکہ اسحاق ڈار کو فوری وزیر اعظم کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے ۔