لاہور ( این این آئی) لاہور میں بے ہنگم ٹریفک پر قابو پانے کے لیے نیا منصوبہ تیار کر لیا گیا جس کے تحت سٹی ٹریفک سے متعلق پانچ میگا پروجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، شہر کی تمام شاہراہوں پر وہیکلز ڈیٹیکٹر سینسر اور کیمرے نصب کیے جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر کے تمام سگنلز کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد پرانے سگنلز کی جگہ پر نئے سولر سگنلز نصب کیے جائیں گے جس کے ساتھ ساتھ سگنلز کے اطراف میں سڑکوں کی کھدائی کر کے وہاں وہیکلز ڈیٹیکٹر سینسر لگائے جائیں گے جو سگنلز کے ساتھ منسلک ہونگے۔سڑک پر لگا سگنل وہیکلز ڈیٹیکٹر سینسر سے گزرنے والی گاڑیوں کی رفتار کے مطابق کام کرئے گا اور اس سڑک پر رش کو مدنظر رکھتے ہوئے سینسر ،سگنلز کو گرین یا ریڈ کرئے گا۔ اسی طرح سولر سے چلنے والے سگنلز پر اعلی کوالٹی کے کیمرے بھی نصب کیے جائیں گے جن کی مدد سے اشارہ توڑنے والی گاڑی کی تصویر حاصل کی جا سکے گی اور تصویر کے ساتھ چالان شہری کے گھر پر بھجوایا جائے گا۔نئے پروجیکٹ کے تحت تمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بھی ایک ہی طرز کی کروائی جائیں گی اور شہریوں کو موبائل پیغام کے ذریعے ٹریفک کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔