اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم کی ملک میں عدم موجودگی‘ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے امور مملکت چلانے پر نئی بحث چھڑ گئی‘وزیر اعظم لندن میں علاج کی غرض سے موجودہیں۔ ترجمان مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اوپن ہارٹ سرجری کے باعث لندن میں کچھ عرصہ قیام کریں گے جس کے دوران وزیرخزانہ اسحاق ڈار امور مملکت سنبھالیں گے۔قانونی ماہرین کے مطابق وزیراعظم اگر کسی وجہ سے ملک میں موجود نہ ہوں تو امور مملکت سنبھالنے کا اختیار کابینہ کے پاس ہوتا ہے جب کہ وزیراعظم کسی رکن کو کابینہ کی صدارت کا اختیاردے سکتے ہیں تاہم اس کے پاس وہ اختیار نہیں ہوتا جو وزیراعظم کے پاس اختیارات ہوتے ہیں، اگر کسی مرض کے باعث وزیراعظم کو طویل عرصہ بیرون ملک قیام کرنا پڑے تو پارلیمنٹ کو اختیار حاصل ہے کہ وہ نئے وزیراعظم کا چناو کرے۔ماہر قانون علی ظفرکے مطابق وزیراعظم کی طویل عرصہ غیرموجودگی کی صورت میں کوئی اور شخص امور مملکت چلائے آئین و قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا۔آئین کی روح سے وزیراعظم کی غیرموجودگی میں پارلیمنٹ کا ہی اختیار ہے کہ وہ وزیراعظم کی غیر موجودگی میں کسی کو وزیراعظم چننے۔ قانونی ماہر کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو امور مملکت کی ذمہ داری دینا سیاسی فیصلہ تو ہوسکتا ہے تاہم قانون اس کی اجازت نہیں دیتا۔