اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکمران شاہانہ خرچ ترک کرکے عوام کے بنیادی مسائل حل کریں۔ اسلام آباد میں شہریوں کو پینے کا پانی میسر نہیں اور حکومت کی شاہ خرچیاں بڑھتی جا رہی ہیں ٗحق نہ دیا گیا تو چھیننا جانتے ہیں۔اسلام آباد میں پانی کی قلت کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ٗمظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اسد عمر کا کہنا تھا کہ حکومت شاہانہ طرز حکمرانی ترک کر دے، پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے۔ حکمران شاہ خرچیوں میں مصروف ہیں اور شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔اسد عمر نے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اسلام آباد کو سو ملین گیلن پانی فراہم کرنے کے لئے رقم مختص کی جائے۔ اگر عوام کو حق نہ دیا گیا عوام اپنا حق چھیننا بھی جانتے ہیں۔