نیویارک(نیوز ڈیسک) دنیا کی معمر ترین فرد سوزینا موشیٹ جانز 116 سال کی عمر میں نیویارک میں انتقال کر گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک تحقیقاتی گروپ کا کہنا ہے کہ دنیا کی معمر ترین فرد سوزینا موشیٹ جانز 116 سال کی عمر میں نیویارک میں انتقال کر گئی ہیں۔جیرونٹالوجی ریسرچ گروپ کے مطابق سوزینا موشیٹ جونز کے انتقال کے بعد اٹلی کی 116 سالہ ایما مورانو مارتینوزی اب دنیا کی معمر ترین زندہ فرد بن گئی ہیں۔سوزینا موشیٹ جونز امریکہ کی جنوبی ریاست الاباما میں 1899 میں پیدا ہوئیں۔ ان کا تعلق غلاموں کے خاندان سے تھا جو کھیتی باڑی سے منسلک تھا۔گِنیز ورلڈ ریکارڈ اور نیویارک سٹی کے قصبے بروکلن میں معمر افراد کی دیکھ بھال کے مرکز وینڈالیا کے مطابق گریجویشن مکمل کرنے کے بعد سنہ 1922 میں سوزینا نیوجرسی اور پھر نیویارک آگئیں جہاں وہ بطور گھریلو ملازمہ اور آیا کام کرتی رہیں۔ 1965 میں ریٹائر ہونے والی سوزینا کا کہنا تھا کہ ان کی لمبی عمر کا راز زیادہ نیند اور تمباکو نوشی اور الکوحل سے پرہیز ہے۔تحقیقاتی گروپ کے مطابق دنیا کی مصدقہ طور پر معمر ترین فرد فرانس کی جیان کالمیٹ تھیں جن کا سنہ 1997 میں 122 سال اور 164 دن کی عمر میں انتقال ہوا تھا۔