بخارسٹ (نیوزڈیسک)رومانیہ کی ایک خاتون نے 20 سال تک اپنے بال جمع کرنے کے بعد اس کی جیکٹ بنا ڈالی۔
ایک امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق 65 سالہ اورتانسا پسکاریو نے انکشاف کیا کہ یہ روایت اسٹاسینی نامی ان کے آبائی علاقے میں پائی جاتی تھی۔
روایت کے مطابق اگر خواتین اچھی قسمت اور خوبصورتی کی خواہش مند ہوں تو انہیں اپنے بال کبھی پھینکنے نہیں چاہیئں۔
میں نے اپنے بڑوں سے سنا تھا کہ بال بنانے کے بعد خواتین کو اپنے بال نہیں پھینکنے چاہیئے۔
‘بزرگ کہتے تھے کہ اگر آپ اپنے بال پھینک رہے ہیں تو یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ اپنی خوبصورتی پھینک رہے ہوں۔ میں نے 40 سال کی عمر میں اپنے بال جمع کرنا شروع کیے اور 60 سال کی عمر تک ان کا وزن ایک کلو ہوگیا جو جیکٹ بنانے کے لیے کافی تھا۔’
اورتانسا کے مطابق وہ صرف ان بالوں کو ہی جمع کرتی تھیں جو بال بناتے ہوئے ٹوٹ جاتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ہمیشہ سے لمبے بال تھے جو ان کی کمر تک پہنچتے تھے اور اسی وجہ سے انہیں لمبے لمبے دھاگے نما مواد ملا جس کے باعث انہیں جیکٹ بنانے میں صرف ایک ہفتہ ہی لگا۔
انہوں نے کہا ‘یہ تھوڑا عجیب ضرور تھا لیکن اس کو بناتے وقت ایک خوش نما احساس بھی تھا کیوں کہ یہ میرے اپنے بال تھے۔’
65 سالہ خاتون کے مطابق وہ اس جیکٹ کو پہنتی نہیں ہیں اور انہوں نے پانچ سال تک اسے اپنے پاس رکھنے کے بعد مقامی میوزیم کو بطور تحفہ دے دیا۔



















































