کراچی: پاکستان ٹی ڈراموں کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری بہت جلد دو فلموں میں نظر آئیں گی۔
انھوں نے کہا ہے کہ ہمایوں سعید کی فلم ‘‘جوانی پھر نہیں آنی’’ کا کام جلد مکمل کراؤں گی۔ عاصم رضا کی فلم’’ہو من جہاں‘‘ میں بھی کام کر رہی ہوں۔ ٹی وی کے بعد فلموں میں کام کرنا ایک چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ انھوں نے فلم کے سیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہو من جہاں‘‘ کراچی کے نوجوانوں کی کہانی ہے، میرا کردار ایک سخت ماں کا ہے، جو بہت زیادہ حکمرانہ طبیعت کی مالک ہے اور چاہتی ہے کہ اس کے بچے اس کی بات مانیں۔
انھوں نے بتایا کہ فلم میں ماہرہ خان،عدیل حسین،شہریار منور بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ فلم کی آدھی سے زیادہ شوٹنگ ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی فلموں کی تعداد میں اضافہ خوش آئند ہے۔ ایک وقت تھا کہ سال کے چھ ماہ گزر جانے کے باوجود ایک بھی پاکستانی فلم سینما گھر کی زینت نہیں بن پاتی تھی لیکن اب پاکستان کے سینما گھروں میں ہماری اپنی فلموں کا راج ہے، اور رواں سال درجن سے زائد فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔