مکسکو(نیوز ڈیسک) شہنشاہ تتلیوں کی آبادی میں ڈھائی سو فیصد کا اضافہ ہوگیا۔ تتلیوں کی افزائشِ نسل کے لیے ایک مخصوص پودے کی امریکہ میں کاشت نے اہم کردار ادا کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمِ سرما میں میکسیکو کا رخ کرنے والی ’مونارک‘ یا شہنشاہ تتلیوں کی آبادی میں گذشتہ برس کے مقابلے میں ڈھائی سو فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔نارنجی اور سیاہ رنگ والی یہ مخصوص تتلیاں سرد موسم سے قبل ہر برس کینیڈا اور امریکہ سے ہزاروں میل کا سفر طے کر کے میکسیکو آتی ہیں۔میکسی کن حکام کے مطابق رواں برس موسمِ سرما میں جن مقامات پر یہ تتلیاں پھیلی ہوئی پائی گئی تھیں ان کا رقبہ چار ایکٹر سے کچھ زیادہ ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس یہ رقبہ ایک ہیکٹر کے برابر تھا۔تاحال تتلیوں کی آبادی میں اتنے بڑے اضافے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔تاہم انھوں نے خبردار کیا ہے میکسیکو میں پائن اور فر کے جنگلات کی کٹائی سے وہاں اتنی بڑی تعداد میں تتلیوں کی آمد کا سلسلہ ختم ہو سکتا ہے کیونکہ یہی وہ درخت ہیں جن پر قیام کرنا ان تتلیوں کو پسند ہے ۔