اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 1970کی دہائی میں کرسٹا میکنا ٹی وی کی مشہور ترین حسیناؤں میں شمار ہوتی تھی۔ جوانی میں اس نے بے پناہ شہرت اور دولت کمائی لیکن زندگی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے اس نے یہ سوچا بھی نہ تھا کہ ایک دن یہ دولت اور چمک دمک اس کا ساتھ چھوڑ جائے گی۔ جب وہ اپنا مال و دولت دونوں ہاتھوں سے نشے اور عیش و عشرت پر لٹا رہی تھی تو اسے کمر میں خم کی بیماری سکولیوسز اور خون کی شریانوں کی تنگی کی بیماری سٹینوسز ہو گئی جس کے باعث اسے شوبز کی زندگی سے علیحدگی اختیار کرنا پڑی۔ اس کے بعد اسے ہر وقت سراہنے والے کہیں نظر نہ آئے اور وہ کوڑی کوڑی کی محتاج ہو گئی اور بالاآخر بھیک مانگنے کے سوا کوئی چارہ نہ رہا۔ اب اس کی عمر 60 سال ہے اور وہ سڑک کنارے ایک تختی لے کر بیٹھتی ہے جس پر لکھا ہے ’’میں 60 سال کی ہوں اور آپ سے اور خدا سے مدد کی اپیل کرتی ہوں‘‘ اسے روزانہ چند سکے بھی مل جائیں تو وہ اسے خوش قسمتی سمجھتی ہے۔