ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ”نیرجا“ کو شائقین تو پسند کررہے ہیں، تاہم ان کے والد انیل کپور کا کہنا ہے کہ سونم کو ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران انیل کپور سے ”نیرجا“ میں سونم کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کیا گیا جس پر انیل کا کہنا تھا ’کوئی اداکار چاہے کتنا بھی کامیاب ہوجائے، اسے بہتری کے لیے مزید محنت کی ضرورت ہے اور یہی بات سونم کے لیے بھی ضروری ہے کہ چاہے انہیں اپنی فلم کے حوالے سے کتنی ہی پزیرائی کیوں نہ ملے، وہ خود کو مزید بہتر کرتی رہیں۔انیل کا مزید کہنا تھا کہ سونم کی فلم”نیرجا“ کی کامیابی سے ان کی پوری فیملی کافی خوش ہے۔فلم ’نیرجا‘، نیرجا بھانوٹ نامی ایک ایئرہوسٹس کی زندگی پر بنائی گئی ہے جو 1986 میں ہندوستان کے ایک ہائی جیک جہاز میں فائرنگ سے ہلاک ہوگئی تھی۔اس حادثے کے بعد نیرجا کو بین الاقوامی سطح پر ”دی ہیروئن آف دی ہائی جیک “ کا خطاب ملا تھا۔واضح رہے کہ فلم ”نیرجا“ کو پاکستان میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سونم کپور نے ٹوئٹر پر شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بہت افسوس ہے کہ نیرجا پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائے گی، حالانکہ نیرجا کو پاکستان میں بھی بڑا اعزاز دیا گیا تھا-رام مادھوانی کی ہدایت میں بننی فلم ’نیرجا‘ میں سونم کے ہمراہ شبانہ اعظمی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے-