واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک قید تنہائی بھگتنے والا قیدی رہا ہو گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق البرٹ وڈفاکس 43 سالوں تک قید تنہائی کاٹنے کے بعد ریاست لیوزیانا کی جیل سے باہر آ گئے۔69 سالہ البرٹ جیل کے ایک گارڈ کو قتل کرنے پر اپریل، 1972 سے جیل میں تھے۔ابتداء میں جرم سے انکاری البرٹ کو قتل تسلیم کرنے کے بعد سزا میں کمی کرتے ہوئے رہا کیا گیا۔جیل سے رہائی کے بعد بھائی کے ساتھ جاتے ہوئے البرٹ نے کہا کہ وہ اپنی ماں کی قبر پر جانا چاہتے ہیں۔البرٹ اپنی والدہ کے انتقال کے وقت جیل میں تھے اور حکام نے انہیں آخری رسومات میں شرکت کی اجازت نہیں دی تھی۔جیل گارڈ کے قتل کے وقت البرٹ مسلح ڈکیتی اور حملہ کے جرم میں لیوزیانا کی بدنام زمانہ انگولا جیل میں بند تھے۔البرٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے گارڈ کو پیچھے سے پکڑا جبکہ ان کے ساتھیوں نے چھری اور بلیڈ کے وار کیے۔واقعہ کے بعد البرٹ کو قید تنہائی میں رکھنے کا حکم دیا گیا اور پھر دہائیوں تک ہر 90 روز بعد اس حکم کی تجدید ہوتی رہی۔البرٹ کے وکلا نے بتایا کہ انہیں روزانہ 23 گھنٹے سیل میں رکھا جاتا تھا۔