لاس اینجلس(نیوز ڈیسک)معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ رواں سال بہترین میوزیکل البم پرگریمی ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو چکی ہیں۔ گلوکارہ نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد تقریب میں شرکت کرنے والے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے پہلی مرتبہ معروف امریکی ریپر کانیے ویسٹ کے ساتھ حالیہ تنازعے پر روشنی ڈالی۔ واضح رہے کانیے ویسٹ کی جانب سے حال ہی میں اپنے گانے ”فیمس“میں ٹیلر سوئفٹ کیلئے انتہائی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا تھا۔انکا کہنا تھا کہ ٹیلر سوئفٹ آج جو کچھ بھی ہیں صرف انکی وجہ سے ہیں۔ گلوکارہ نے اپنے خطاب میں کانیے ویسٹ کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ لوگ دوسروں کی محنت کا کریڈٹ لینے کیلئے کسی حد تک بھی چلے جاتے ہیں۔ وہ ہر لحظہ کوشش کرتے ہیں کہ کسی کا حق انھیں مل جائے لیکن کامیابی ہمیشہ محنت کرنے والوں کے حصے میں آتی ہے۔26سالہ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ تمام نوجوان لڑکیوں کو پیغام دینا چاہتی ہیں کہ وہ لالچی اور مطلب پرست لوگوں پر انحصار کرنے کی بجائے صرف اپنے کام پر توجہ دیں کامیابی خود انکے قدم چومے گی۔ یاد رہے گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور کانیے ویسٹ کے درمیان ماضی میں تعلقات قائم تھے۔علاوہ ازیں ٹیلر سوئفٹ واحد فیمیل ہیں جنھیں بہترین البم پر دو مرتبہ گریمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔