ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ پرینیتی چوپڑا اپنی نئی آنے والی فلم’’میری پیاری بندو‘‘ میں اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری بھی کریں گی۔بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’لیڈیر ورسز وکی بھال‘‘ میں سپورٹنگ اداکارہ سے کیا جس کے بعد فلم ’’عشق زادے‘‘ میں مرکزی کردار اداکرکے خوب داد سمیٹی جب کہ اب طویل عرصے بعد اداکارہ نے فلم نگری میں واپسی کی راہ لیتے ہوئے گلوکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کا فیصلہ کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔پرینیتی چوپڑا طویل عرصے بعد یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’’میری پیاری بندو‘‘ میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی جس میں اداکار آیوش مان کھرانہ ان کے مدمقابل مرکزی کردار ادا کریں گے یہی نہیں بلکہ اداکارہ فلم میں اپنی آواز کا جادو بھی جگائیں گی جس کے لیے وہ پرجوش ہیں جب کہ فلم میں ان کی آواز میں گیت’’مانا کہ ہم یار نہیں‘‘ شامل کی جائے گا۔دوسری جانب اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی نئی آنے والی فلم اور گلوکاری کے میدان میں قسمت آزمائی کے حوالے سے ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے ایکشن ہیرو ہریتک روشن کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔