اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیرداخلہ نے عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم کی میڈیا کے ساتھ بات چیت پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو عدالت میں پیش کرنے والے پولیس گارڈ کا انچارج معطل کردیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیاکہ عمران فاروق قتل کیس کو ایک عدالتی کیس ہی رہنے دیا جائے۔ اسے میڈیا سرکس بنانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔بیان کے مطابق ملزم کی میڈیا کے ساتھ اس قسم کی بات چیت اور اس پر میڈیا کے غیر ضروری تبصرے عدالتی کیس پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔بیان کے مطابق کوئی کچھ بھی کہتا رہے عمران فاروق قتل کیس میں صرف سچائی اور انصاف کو ہی مقدم رکھا جائیگا۔وزیرداخلہ نے ملزم کو عدالت میں پیش کرنے والے پولیس گارڈ کا انچارج معطل کرنے کاحکم دیا۔