ممبئی(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کو ’ہٹ اینڈ رن‘ کیس میں بری کرنے والے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلینج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اپیل درج کروانے جا رہی ہے۔قانون اور عدلیہ کے ادارے سے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ اپیل درج کروانے کے لیے سرکاری وکلا کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔اہلکار کے مطابق حکومت اپنے امتیازات وخصوصیات پر ہائی کورٹ کے فیصلہ کو جیلنج کرے گی اوراپیل ایک ہفتے کے اندر اندر درج کروا دی جائے گی۔اہلکار کا مزیدکہناتھا کہ تھا کہ قانون کے مطابق حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف 90 دن میں اپیل کر سکتی ہے۔اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیشن کورٹ نے مرحوم پولیس کانسٹیبل رویندر پاٹل کے بیان کا اعتراف کیا ہے جب کہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پٹیل کے اسی بیان کو نظر انداز کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فادنوس نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ ریاستی حکومت سلمان خان کو بری کرنے والے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔