گوجرانوالہ(نیوز ڈیسک)گوجرانوالہ میں گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول کے ہیڈ ماسٹر خود ہی گارڈ بن گئے ہیں۔چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد گوجرانوالہ کے گورنمنٹ ایلیمینٹری اسکول گرجاکھ کے ہیڈ ماسٹر طارق قریشی نے اسکول کے باہرسیکیورٹی گارڈ کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد پنجاب حکومت نے اسکولوں کے لئے سیکیورٹی گارڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ،لیکن بار بار یاد دہانی کے باوجود ابھی تک انکے اسکول کو سیکورٹی گارڈ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول گرجاکھ سیکورٹی اداروں کی جانب سے حساس ترین قرار دیے گئے تعلیمی اداروں میں شامل ہے ،اسکول کے ہیڈماسٹر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فراہم کیے جانے تک وہ گارڈ کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔