اسلام آباد (نیوزڈیسک)آرمی پبلک سکول اور باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے ”خاص دنوں“کے انتخاب نے نئے سوالات کھڑے کردیئے،دسمبر 2014میں آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کے بعدباچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر حملہ خیبر پختو خوامیں کسی تعلیمی ادارے پردوسرا بڑا حملہ ہے ۔آرمی پبلک سکول 16دسمبر 2014ءکو دہشتگردوں کا نشانہ بنا جبکہ دہشتگردوں نے باچا خان یونیورسٹی چار سدہ پر حملے کےلئے 20جنوری 2016ءکا دن چنا ۔آرمی پبلک سکول پر حملے کا دن پاکستانی تاریخ میں ایک افسوسناک دن تصور کیا جاتا ہے کیونکہ 16دسمبر کو ہی سانحہ مشرقی پاکستان رونما ہوا تھا اورپاکستان دولخت ہوگیا تھا ۔20جنوری قوم پرست رہنما باچا خان کی وفات کا دن ہے اوربدھ کو ان کی 28ویں برسی منائی رہی تھی جب ان کے نام سے موسوم یونیورسٹی پر دہشتگردوں نے حملہ کیا ۔دونوںحملوں کے درمیان پورے 400دنوں کا وقفہ ہے ۔