لاہور(نیوزڈیسک )چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پنجاب یونیورسٹی میں سکیورٹی کے حوالے سے ہنگامی مشق کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد لاہور کے تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ۔ایس پی اقبال ٹاﺅن ڈاکٹرمحمد اقبال کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے پنجاب یونیورسٹی کی سکیورٹی کے حوالے سے ہنگامی مشق بھی کی۔پولیس نے یونیورسٹی کو چھ مختلف حصوں میں تقسیم کیا اور پولیس ٹیموں نے مختلف راستوں سے مقررہ پوائنٹ پر پہنچنے کی مشق کی ۔ ایس پی اقبال ٹاﺅن کا کہنا تھا کہ پنجاب یونیورسٹی کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ اس کے اطراف میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنگامی مشق کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری کارروائی کو ممکن بنانا ہے ۔