پشاور(نیوز ڈیسک)پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا میں پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت پشاور سمیت دو اضلاع سے چھ نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پشاور کی پولیس کے مطابق چار افراد کی لاشیں منگل کی صبح تھانہ ریگی کی حدود سے ملی ہیں۔پولیس اہلکاروں کے مطابق لاشوں کی موجودگی کی اطلاعات سامنے آنے پر جائے وقوعہ کی جانب ایک ٹیم روانہ کر دی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تاحال لاشوں کی شناخت کے بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔ادھر ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس نے بھی یارک کے علاقے سے دو لاشیں ملنے کی تصدیق کی ہے۔مقامی پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ انھیں اطلاع ملی تھی کہ دو افراد کی لاشیں سرکنڈوں کے جھنڈ میں پڑی پائی گئی ہیں۔اہلکار کا کہنا تھا کہ اس اطلاع پر کارروائی کی گئی اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جہاں ان کی شناخت کی کوشش کی جائے گی۔خیال رہے کہ ماضی میں بھی خیبر پختونخوا میں لاشیں ملنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں اور ان میں بعض عسکریت اور شدت پسندوں کی لاشیں بھی شامل تھیں۔پشاور میں ایک وقت میں بوری بند لاشیں ملنے کے واقعات اتنے زیادہ ہوگئے تھے کہ پشاور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس دوست محمد خان نے اس سلسلے میں ازخود نوٹس بھی لیا تھا