ریاض(نیوز ڈیسک)پاکستان کے ممتاز شا عر و ادیب امجد اسلام امجد نے کہا ہے کہ ادب میں رجحان ساز کالم نگاروں کی بہت کمی دیکھنے میں آتی ہے ،لیکن سعودی عرب میں پروفیسر جاوید اقبال کی کتاب ’آرزو گزیدہ ‘میں اسکا عکس صاف دکھائی دیتا ہے۔ریاض میں بزم اقبال کے زیر اہتمام پروفیسر جاوید اقبال کی کتاب ’آرزو گزیدہ‘ کی تقریب رونمائی منعقد ہوئی،پہلی اردو ادبی تقریب میں ترکی ، افغانستان ،سری لنکا ،مالدیپ،نیپال اور تاجکستان کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان منظور الحق کا کہنا تھا کہ نئی نسل کیلئے اس کتا ب میں بہت سے تاریخی حوالے دیے گئے ہیں۔شہزادہ خالد بن عبد العزیز کے خصوصی معالج ڈاکٹر فضل الرحمٰن نے بھی تقریب میں شرکت کی ،بزم اقبال کے صدر عدنان بٹ نے کہا کہ پروفیسر جاوید اقبال کی خوبی یہ ہے کہ وہ بیک وقت6 زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔کتاب کا دیباچہ مستنصر حسین تارڑ اور امجد اسلام امجد نے لکھا ہے۔