اسلام آباد (نیوزڈیسک)قومی اسمبلی کوبتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کی خصوصی استدعا پر نئے نظام کے تحت اقاموں کی تجدید کیلئے تین ماہ توسیع دی ٗ ساڑھے نو لاکھ پاکستانیوں کے اقاموں کی تجدید کی گئی ٗپیشہ وارانہ تحفظ و صحت بل کا مسودہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو اتفاق رائے کے بعد پیش کیا جائے گا ٗپاکستان اور بھارت کے مابین مستقبل میں دوطرفہ کرکٹ کے انعقاد کے لئے موزوں طریقہ کار کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل شفقت حیات خان بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ موجودہ دور حکومت میں 20 لاکھ 28 ہزار 920 پاکستانیوں کے بیرون ملک ملازمت حاصل کی۔ ان میں سعودی عرب میں 9 لاکھ 53 ہزار‘ اومان ایک لاکھ بارہ ہزار 670‘ متحدہ عرب امارات آٹھ لاکھ 42 ہزار‘ بحرین 23 ہزار‘ ملائیشیا 45 ہزار اور قطر 27 ہزار 108 شامل ہیں۔ ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 18ویں ترمیم کی وجہ سے افرادی قوت کی نقل مکانی کے حوالے سے پالیسی پر کام روک دیا گیا تھا۔ اس وقت اس حوالے سے کوئی پالیسی نہیں ہے۔ اس پالیسی کا مسودہ 2008ء میں تیار کیا گیا تھا۔ شازیہ صوبیہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران بیورو آف امیگریشن و اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ذریعے 34 لاکھ 17 ہزار 213 پاکستانی بیرون ملک گئے۔ اس میں بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔شکیلہ لقمان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری شفقت حیات بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں وزارت مختلف ممالک کو پاکستان سے افرادی قوت برآمد کرنے میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ نومبر 2015ء میں سیکرٹری وزارت برائے سمندر پار پاکستانیز نے بحرین کا دورہ کیا۔عائشہ سید کے سوال کے جواب میں بتایا گیاکہ زون فائیو اسلام آباد میں پانچ ہزار کنال رقبہ پر محیط ہاؤسنگ سکیم شروع کی گئی تھی۔ بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی کام کافی حد تک مکمل ہو چکے ہیں۔سرتاج عزیز نے بتایا کہ سعودی عرب میں ساڑھے نو لاکھ اقامے تجدید کیلئے گئے۔ جیلوں میں گرفتار پاکستانیوں کو اپنے اختیار کے مطابق سہولیات دے رہے ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کے لئے تین ماہ کی تاریخ کی سعودی عرب نے توسیع کی تھی۔ شفقت حیات بلوچ نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں پیشہ وارانہ تحفظ اور صحت کے معاملات پر کوئی آزادانہ قانون سازی نہیں ہے‘ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پیشہ وارانہ تحفظ و صحت بل کے مسودے پر اتفاق رائے کا کہا گیا ہے اس اتفاق رائے کے بعد یہ بل نظرثانی اور قانون سازی کے لئے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو پیش کیا جائے گا۔ وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے ساجدہ بیگم کے سوال کے جواب میں بتایا کہ وزارت کامرس نے 2015-16ء کے لئے بین الاقوامی نمائش کا کیلنڈر تیار کیا ہے ٗ پاکستان کاروباری برادری کو بین الاقوامی نمائشوں ‘ تقریبات میں شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ٹی ڈی اے پی نے منصوبہ تیار کیا ہے۔ حال ہی میں ایک نمائش میں 221 کمپنیوں نے شرکت کی۔ عبدالرشید گوڈیل کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ نمائشوں میں سٹال دینے میں شفافیت لائی جارہی ہے۔ پہلے اگر کوئی کاروباری کمپنی کسی نمائش میں حصہ لے چکی ہے تو اس کو دوبارہ بھی آگاہ کرتے ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے 2014-15ء میں 59 نمائشوں میں شرکت کی۔ 2016ء میں دس مارچ سے چوبیس مارچ سے مراکو میں نمائش‘ زمبابوے میں 26 اپریل‘ مصر میں بھی 2016ء میں نمائش ہوگی۔ نائیجیریا‘ ایتھوپیا‘ کینیا‘ جنوبی افریقہ میں بڑی تعداد میں نمائشوں میں شرکت کریں گے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے بتایا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ سیریز بارے بات چیت کے کئی ادوار ہوئے‘ سیریز کا انعقاد بھارتی حکومت کی اجازت سے ہی ممکن ہے۔ 2014ء میں طے پانے والے دونوں بورڈز کے معاہدے کے مطابق دسمبر 2015ء میں پاکستان نے بھارت کی میزبانی کرنی تھی تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔