کراچی(نیوز ڈیسک)سندھ حکومت کے تاخیری حربوں کی بدولت ایم کیو ایم کو کراچی کے میئر کی کرسی کے لیے مزید دو سے تین ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق انتظار کی گھڑیاں طویل سے طویل تر ہوتی جارہی ہیں۔ پانچ دسمبر کو بلدیاتی انتخابات ہوئے۔ایم کیو ایم واضح اکثریت ملی مگر حکومت کے تاخیری حربوں کے باعث تاحال بلدیاتی نظام کی تکمیل ہی نہیں ہوپائی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کی کرسی کیلئے ایم کیو ایم کو مزید دو سے تین ماہ انتظار کرنا ہوگا۔سندھ میں مخصوص نشستوں پر 14فروری کو انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگا جن کی اگلے تین سے چار ہفتوں میں حلف برداری کے بعد میئر کا انتخابی شیڈول کا اعلان ہوگا۔ سندھ میں مجموعی طور پر22 میونسپل کارپوریشن ہیں اور ایک میٹرو پولیٹن کارپوریشن ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت پہلے 22 میونسپل کارپوریشنز کے چیئرمین اوروائس چیئرمین بنوائیگی۔ آخری مرحلے میں سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔