کراچی(این این آئی)صوبہ سندہ میں مختلف پروجیکٹس پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چینی باشندوں کی حفاظت کے لئے دو ہزار پولیس اہلکار بھرتی کئے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لئے فوج سے ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کوسندھ پولیس میں کنریکٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔ بھرتی کیے جانے والے اہلکار صرف چینی باشندوں کی حفاظت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے ریٹائرڈ فوجی جوانوں کو بھرتی کرنے کی منظوری دے دی۔ اہلکاروں کو بھرتی کرنے کے لیے محکمہ داخلہ کو ہدایت جاری کردی گئیں۔ اس وقت چینی انجینئرز کی حفاظت کے لیے پولیس اور رینجرز کے چار ہزار اہلکار تعینات ہیں جبکہ دو ہزار پولیس اہلکاروں کے اضافے کے بعد اہلکاروں کی تعداد چھ ہزار ہوجائے گی۔