حیدرآباد(نیوزڈیسک)اسپاٹ فکسنگ کے سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ بولر محمد آصف نے بھی کرکٹ میں دھواں دھار واپسی کی ہے۔حیدرآباد میں جاری قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں واپڈا کی جانب سے فاٹا ریجن کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلمان بٹ نے اننگ کا آغاز کیا اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 135 رنز بنائے۔ دوسری جانب محمد آصف نے بھی 5 سال بعد شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 اوورز میں 23 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ قومی ون ڈے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں واپڈا نے کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سلمان بٹ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ محمد عامر کی طرح وہ بھی اپنی کارکرگی سے جلد ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ آئی سی سی نے 2010 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں سلمان بٹ پر 10 برس کی پابندی عائد کی تھی جسے بعد میں 5 سال کر دیا گیا تھا، 5 برس کی پابندی مکمل ہونے کے بعد حال ہی میں پی سی بی کی جانب سے انھیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں