اسلام آباد(نیوزڈیسک)دورہ نیوزی لینڈ، محمدعامر ٹیم کے ساتھ ہونگے یا نہیں،نیوزی لینڈ امیگریشن حکام نے فیصلہ سنادیا، نیوزی لینڈ کے امیگریشن حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ عامر کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ آنے کی اجازت دے دی گئی ہے،نیوزی لینڈ میں حکام کا کہنا ہے کہ سپاٹ فکسنگ کے جرم میں قید اور پانچ برس کی پابندی کا سامنا کرنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو ویزا جاری کر دیا گیا ہے۔پاکستانی سلیکٹرز نے 23 سالہ فاسٹ بولر کو ویزا ملنے کی شرط پر ہی دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ون ڈے اور ٹی 20 سکواڈ میں شامل کیا تھا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امیگریشن نیوزی لینڈ کے ایریا مینیجر مائیکل کارلے نے ایک بیان میں کہا کہ ’محمد عامر کو ویزا دینے کی منظوری دے دی گئی ہے تاکہ وہ رواں ماہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ کا دورہ کر سکیں۔‘بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’یہ فیصلہ کرتے ہوئے کئی عوامل کو مدِنظر رکھا گیا جن میں پاکستانی اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی حمایت اور عامر کا سزا کاٹنا بھی شامل ہیں۔‘مائیکل کارلے کا کہنا تھا کہ تمام حالات اور ان کے نیوزی لینڈ آمد کے مقصد کو سمجھتے ہوئے محمد عامر کی ویزے کی درخواست منظور کی گئی ہے۔