اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے امید ہے کہ پاک بھارت کرکٹ جلد بحال ہوجائے گی جب کہ ٹی 20 ورلڈکپ آئی سی سی کا ایونٹ ہے جس کا کوئی ٹیم بائیکاٹ نہیں کرسکتی۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا دورہ پاکستان مثبت رہا اور امید ہے کہ پاک بھارت کرکٹ جلد شروع ہوگی جب کہ پٹھان کوٹ ائیر بیس پر حملہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ پر اثر انداز نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ سادہ طبیعت کے انسان ہیں انہوں نے غیر دانستہ طور پر اپنی اہلیہ کی بلڈپریشر کی دوا استعمال کی لہٰذا اس بنیاد پر آئی سی سی سے یاسر کو کم سے کم سزا کی درخواست کریں گے۔شہریار خان کا کہنا تھا کہ محمد عامر کے ویزے کا مسئلہ بھی دو چار دن میں حل ہوجائے گا اور انہیں جلد ویزا بھی مل جائے گا کیونکہ کرسمس کی وجہ سے سفارتخانہ بند تھا لہٰذا اب جلد ہی نیوزی لینڈ کے ہائی کمیشن سے محمد عامر کے حوالے سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے سیکیورٹی خدشات کے باعث انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلا دیش نہ بھیج کر غلطی کی جس پر ہمیں بنگلا دیش سے ہمدردی ہے۔