کراچی(نیوزڈیسک)سندھ کے مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیونے کہاہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار اپنا حکم اپنی پارٹی پر چلائیں ہم پر نہیں، ماضی کی طرح اب بھی پیپلزپارٹی کے خلاف بات کرنے کے لیے نئے طوطے تیار کیے جا سکتے، آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔جمعرات کوسندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولابخش چانڈیونے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ اتنا بڑا نہیں جتنا اس کو بنایا جا رہا ہے،جمعہ کو سندھ اسمبلی میں جب یہ معاملہ آئے گا، تو سب کو پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو سندھ میں حکم نہیں چلانا چاہیے۔ ان کو حکم چلانا ہے تو اپنی پارٹی پر چلائیں،سندھ میں پیپلزپارٹی کی قیادت اور وزیراعلی سندھ کا ہی حکم چلے گا۔ایک سوال کے جواب میں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ماضی کی طرح اب بھی پیپلزپارٹی کے خلاف بولنے کے لیے طوطے تیار کیے جا سکتے ہیں، مگر ہم قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔