اسلام آباد (آئی این پی ) اسلام آباد میں لیک ویو پارک کے قریب تیزرفتار کار دیوار سے ٹکرا گئی۔ گاڑی میں سوار دونوں افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقے لیک ویو پارک کے قریب کار تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو گئی اور دیوارسے جا ٹکرائی۔ جس سے گاڑی میں سوار دو افراد راجہ قندیل اور چودھری زین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں پولی کلینک ہسپتال منتقل کر دیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ ہلکی بارش سے ہونے والی پھسلن کے باعث پیش آیا۔ واقعہ کی رپورٹ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کر لی گئی۔