لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان میں بھی بھارت کی مخالفت میں نیپال کی پیروی کا امکان،لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کی بندش کے لیے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور سنسر بورڈ سے جواب طلب کرلیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔ ذرق باری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملک کے سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش کی جارہی ہے۔ بھارتی فلموں کی نمائش سے نوجوان نسل گمراہ ہورہی ہے اس لیے بھارتی فلموں کی پاکستانی سینماگھروں میں نمائش پر پابندی لگائی جائے۔ عدالت نے درخواست پر وفاقی حکومت اور سنسر بورڈ سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔واضح رہے کہ نیپال پہلے ہی بھارتی فلموں اور ٹی وی پروگرامز پر پابندی لگاچکا ہے۔