لندن(این این آئی)ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سونے سے قبل رات دیر تک اسمارٹ فون اور ڈیجیٹل اسکرینوں کا مسلسل استعمال انسانی جسم میں نیند پیدا کرنے والے قدرتی ہارمون میلاٹونن کی پیداوار کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیند کے امراض پر تحقیق کرنے والے طبی ماہرین نے بتایا کہ اسکرینوں سے خارج ہونے والی نیلی روشنی دماغ کو یہ غلط پیغام دیتی ہے کہ ابھی دن کا وقت ہے جس کے نتیجے میں نیند آنے میں تاخیر ہوتی ہے اور نیند کا معیار گر جاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے اپنے بیانات میں کہا کہ طویل عرصے تک نیند کی کمی ذہنی دباؤ، توجہ میں کمی اور میٹابولزم کے مسائل کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے سونے سے کم از کم 1 گھنٹہ قبل اسکرین کا استعمال بند کر دینا صحت کے لیے ضروری ہے۔



















































