اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی ملازمین کو ملازمت ختم ہونے پر ملنے والی مالی مراعات کے حوالے سے اہم تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔
سعودی لیبر قوانین کے تحت کارکن اپنی ملازمت کی مدت اور بنیادی تنخواہ کی بنیاد پر اینڈ آف سروس بینیفٹس حاصل کرنے کے حق دار ہیں۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت کے پہلے پانچ سال مکمل کرنے والے کارکنوں کو ہر سال کے عوض نصف ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر رقم بطور مالی مراعات دی جاتی ہے۔ تاہم پانچ سال سے زیادہ عرصہ ملازمت جاری رکھنے کی صورت میں ہر اضافی سال کے لیے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر رقم ادا کرنا ضروری ہے۔اگر کوئی ملازم اپنی مرضی سے ملازمت چھوڑنے یا استعفیٰ دینے کا فیصلہ کرتا ہے تو اسے ملنے والی مراعات کا تعین ملازمت کی مجموعی مدت کے مطابق کیا جاتا ہے۔ قانون کے تحت دو سے پانچ سال تک کام کرنے والے ملازم کو مجموعی واجبات کا ایک تہائی حصہ ملتا ہے، جبکہ پانچ سے دس سال تک ملازمت کرنے والوں کو دو تہائی مالی مراعات دی جاتی ہیں۔ دس سال سے زیادہ عرصہ خدمات انجام دینے والا کارکن استعفیٰ دینے کے باوجود مکمل اینڈ آف سروس بینیفٹس حاصل کرنے کا اہل ہوتا ہے۔
بیورو کی وضاحت کے مطابق اگر آجر یا کفیل سعودی لیبر قانون کی خلاف ورزی کرے یا کسی غیر قانونی عمل کے باعث ملازم کو نوکری چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑے تو ایسی صورتحال میں کارکن کو ملازمت کی مدت سے قطع نظر مکمل مالی واجبات وصول کرنے کا حق حاصل ہے۔بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے ملازمین، تارکین وطن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو ہدایت کی ہے کہ ملازمت کے اختتام یا فائنل سیٹلمنٹ کے وقت کارکن کی بنیادی تنخواہ اور ملازمت کے کل عرصے کو مدنظر رکھتے ہوئے واجب الادا مراعات کا درست حساب لگایا جائے۔حکام نے کارکنوں کو خبردار کیا ہے کہ فائنل سیٹلمنٹ کے دوران اگر کسی رقم یا حساب کتاب کے حوالے سے کوئی ابہام یا اختلاف ہو تو مکمل تصدیق کیے بغیر تصفیے کی دستاویزات پر دستخط نہ کریں، تاکہ ملازمین اپنے قانونی مالی حقوق سے محروم نہ ہوں۔



















































