لالہ موسی(این این آئی)تھانہ شاہین چوک گجرات کے علاقے محلہ امین آباد میں 14 سالہ کم عمر بچی سے مبینہ زیادتی کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے،
جس پر پولیس نے بچی کی والدہ کی درخواست پر اس کے سوتیلے والد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ بچی کی والدہ نے پولیس کو درخواست دی کہ اس کی تقریبا 14 سالہ بیٹی مبینہ طور پر گزشتہ ایک سال سے اپنے سوتیلے والد کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بن رہی تھی۔ درخواست گزار کے مطابق ملزم بچی کو والدہ اور بہن بھائیوں کو واقعے سے آگاہ کرنے پر قتل کی دھمکیاں بھی دیتا رہا، جس کے باعث بچی خوف کے مارے خاموش رہی۔درخواست گزار کے مطابق 17 اور 18 نومبر کی درمیانی شب بھی مبینہ طور پر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔
بعدازاں والدہ کو صورتِ حال کا علم ہونے پر وہ پولیس اسٹیشن پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کی درخواست کی۔پولیس تھانہ شاہین چوک نے درخواست پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376(III) کے تحت مقدمہ نمبر 469/26 درج کر لیا ہے۔ مقدمے کی مزید تفتیش متعلقہ پولیس افسر کے سپرد کر دی گئی ہے۔واقعے نے بچوں کے تحفظ اور گھریلو ماحول میں کم عمر بچیوں کی سلامتی کے حوالے سے اہم سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پولیس سے مطالبہ ہے کہ متاثرہ بچی کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہوئے شفاف تفتیش اور قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔



















































