اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے موبائل فون سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر تحویل میں لے لیے گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین سے واپسی کے سفر کے دوران ایئر فورس ون میں صحافیوں کے موبائل فون ممکنہ سائبر جاسوسی کے خطرے کے باعث خصوصی حفاظتی بیگز میں رکھوائے گئے۔ اس اقدام کا مقصد فونز کو بیرونی نیٹ ورک یا ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رکھنا تھا۔ امریکا پہنچنے کے بعد صحافیوں کو ان کے موبائل فون واپس کردیے گئے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے عملے کے موبائل فونز کو بھی عارضی طور پر ضبط کیا گیا، تاکہ ضرورت پڑنے پر ان کا ڈیٹا حذف یا فونز کو تلف کیا جاسکے۔
فیراڈے بیگز کیا ہیں؟
فیراڈے بیگز خصوصی حفاظتی تھیلے ہوتے ہیں جو موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کو وائی فائی، موبائل نیٹ ورک اور دیگر وائرلیس سگنلز سے منقطع کردیتے ہیں۔ اس طرح ان آلات تک بیرونی رسائی اور ممکنہ ڈیٹا منتقلی کو روکا جاسکتا ہے۔
حکام کے مطابق موبائل فونز کو عارضی طور پر تحویل میں لینے کا فیصلہ محض سکیورٹی احتیاط کے طور پر کیا گیا تھا۔ کسی مخصوص جاسوسی کی کوشش یا صحافیوں کے فونز میں نگرانی کے سافٹ ویئر کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی۔



















































