اسلام آباد (نیوز ڈیسک)محکمہ ایکسائز پنجاب نے گاڑیوں کے مالکان کو ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کے لیے 30 نومبر 2026 تک مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد واجبات ادا نہ کرنے والوں کو جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات میں سرکاری، نیم سرکاری اور نجی گاڑیوں کے مالکان کو اپنے بقایا ٹوکن ٹیکس بروقت جمع کرانے کی تاکید کی گئی ہے۔نوٹس کے مطابق 30 نومبر تک ٹیکس کی ادائیگی پر کوئی اضافی جرمانہ نہیں ہوگا، تاہم یکم دسمبر 2026 سے نادہندگان کے خلاف جرمانے لاگو کردیے جائیں گے۔محکمہ کی وضاحت کے مطابق گزشتہ مالی سال کا ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے گاڑی مالکان پر 50 فیصد اضافی جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ رواں مالی سال کے واجبات کی عدم ادائیگی پر 25 فیصد جرمانہ وصول کیا جائے گا۔
جرمانوں کی شرح ہر ماہ گزرنے کے ساتھ مزید بڑھتی رہے گی۔حکام نے گاڑی مالکان پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے قبل اپنے ٹیکس واجبات ادا کرلیں تاکہ اضافی مالی بوجھ، بھاری جرمانوں اور گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ ہونے جیسے ممکنہ اقدامات سے محفوظ رہ سکیں۔ٹوکن ٹیکس جمع کرانے کے لیے ای پے (ePay) پنجاب کی آن لائن سروس بھی فعال ہے، جس کے ذریعے شہری کسی دفتر کا رخ کیے بغیر گھر بیٹھے ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگی کرسکتے ہیں۔



















































