لاہور (این این آئی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)لاہور زون نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس انسپکٹر ظاہر کرکے شہری سے 20لاکھ روپے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی ساہیوال کے رہائشی سید حمزہ ارشاد بخاری کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں مرکزی ملزم شاہد بشیر چیمہ کو گرفتار کیا گیا۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق ملزمان شہری کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں پہنچے اور گرفتاری کی دھمکیاں دے کر اس سے رقم کا مطالبہ کیا، ملزمان نے مبینہ طور پر تین مختلف بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے شہری سے مجموعی طور پر 20لاکھ روپے وصول کیے۔ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور شہری سے فراڈ کے ذریعے وصول کی گئی مکمل 20لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔
واقعے میں ملوث دوسرے ملزم میاں وسیم کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں، جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ کلیئرنس دلوانے کے نام پر شہری سے مزید 50لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔این سی سی آئی اے حکام کے مطابق واقعے کے دیگر پہلوئوں اور دوسرے ملزم کے کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔



















































