اسلام آباد (نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئے
پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ کے باعث دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس بھی کاٹ لیے ہیں۔آئی سی سی کے فیصلے کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں سری لنکا کے 15 جبکہ پاکستان کے 5 پوائنٹس منہا کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کی درجہ بندی متاثر ہوئی ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا، جو کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوا۔ آئی سی سی کے مطابق سری لنکن ٹیم مقررہ وقت کے دوران 15 اوورز مکمل نہ کرسکی، جس پر اس کے کھلاڑیوں کو میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ ادا کرنے کی سزا دی گئی۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی مقررہ وقت میں 5 اوورز پیچھے رہی، جس کے باعث قومی کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔
سلو اوور ریٹ سے متعلق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ضابطوں کے تحت سری لنکا کے کھاتے سے 15 اور پاکستان کے مجموعی پوائنٹس میں سے 5 پوائنٹس کم کردیے گئے۔پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد سری لنکا کی ٹیم ساتویں سے آٹھویں نمبر پر آگئی ہے، جبکہ پاکستان 3.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر برقرار ہے۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم اور سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرلیا تھا، جس کے بعد معاملے پر باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔



















































