اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک فوج نے فتح تھری سپرسانک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، جسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح تھری میزائل جدید نیوی گیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ہے اور سپرسانک رفتار سے طویل فاصلے پر موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ یہ میزائل غیر معمولی درستگی کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس کی تباہ کن صلاحیت بھی نمایاں ہے۔
فتح تھری کی شمولیت سے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل استعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل کے تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ سائنسدانوں نے کیا۔ حکام کے مطابق اس کامیاب تجربے سے پاکستان کی روایتی دفاعی قوت اور دفاعی بازدارانہ صلاحیت مزید مستحکم ہوگی۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے فتح تھری میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اس اہم کامیابی پر سائنسدانوں اور انجینئرز کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا ہے۔



















































