اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملائیشیا میں طویل عرصے تک قیام کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔
اب پاکستانی شہری مائی سیکنڈ ہوم (ایم ایم ٹو ایچ) پروگرام کے تحت رہائش حاصل کرنے کے لیے پاکستان میں ہی معلومات، رہنمائی اور درخواست جمع کرانے کے عمل میں معاونت حاصل کرسکیں گے۔اس مقصد کے لیے ملائیشیا کے مائی سیکنڈ ہوم پروگرام کا مجاز نمائندہ پاکستان میں مقرر کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے دلچسپی رکھنے والے افراد کو پروگرام کی شرائط، اہلیت اور درخواست کے مراحل سے آگاہ کیا جائے گا۔کراچی میں ملائیشیا کے قونصل خانے میں منعقدہ میڈیا بریفنگ کے دوران گرین لینڈ ٹریولز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو پاکستان میں ایم ایم ٹو ایچ پروگرام کا مجاز نمائندہ متعارف کرایا گیا۔ تقریب میں ملایا کارپوریٹ کے نمائندے عزیزم عزیزان بھی شریک تھے، جو ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت کی جانب سے مقرر کردہ ایم ایم ٹو ایچ ایجنٹ ہیں۔اس موقع پر ملائیشیا کے قونصل جنرل نے پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو اس کے بنیادی مقاصد، درخواست دینے کے معیار، دستیاب کیٹیگریز اور طریقہ کار سے آگاہ کیا۔اس اقدام کا بنیادی مقصد پاکستانی شہریوں کو پروگرام کے حوالے سے مستند معلومات فراہم کرنا اور ملائیشیا میں طویل مدتی رہائش کے خواہشمند افراد کے لیے درخواست کا عمل آسان بنانا ہے۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو فروغ دینا اور ملائیشیا کو طویل عرصے تک رہائش کے لیے ایک موزوں مقام کے طور پر متعارف کرانا بھی اس منصوبے کے مقاصد میں شامل ہے۔ملائیشیا کا مائی سیکنڈ ہوم پروگرام 2002 میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس اسکیم کے تحت غیر ملکی شہری مخصوص مالی اور دیگر شرائط پوری کرکے ملائیشیا میں طویل مدت تک رہنے کی اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔پروگرام میں کامیاب قرار پانے والے درخواست گزاروں کو سوشل وزٹ پاس جاری کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے وہ مقررہ مدت کے دوران متعدد مرتبہ ملائیشیا آ جا سکتے ہیں۔ شرائط پوری ہونے کی صورت میں اس پاس کی تجدید بھی ممکن ہے، تاہم یہ سہولت مستقل رہائش یا ملائیشین شہریت کا درجہ نہیں رکھتی۔مائی سیکنڈ ہوم پروگرام کو چار مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں پلاٹینم، گولڈ، سلور اور اسپیشل اکنامک زون یا اسپیشل فنانشل زون شامل ہیں۔ ان کیٹیگریز کے تحت رہائش کی مدت بالترتیب 20، 15، 5 اور 10 سال مقرر کی گئی ہے۔ متعلقہ قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے مدت میں توسیع بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔اہلیت کے حوالے سے پلاٹینم، گولڈ اور سلور کیٹیگریز میں درخواست دینے والوں کی کم از کم عمر 25 سال ہونا ضروری ہے، جبکہ اسپیشل اکنامک زون اور اسپیشل فنانشل زون کے زمرے میں 21 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
اس کیٹیگری میں 50 سال یا اس سے زائد عمر کے امیدواروں کے لیے مالی تقاضے الگ رکھے گئے ہیں۔اس اسکیم میں شامل ہونے کے لیے ہر کیٹیگری کے مطابق مخصوص رقم ملائیشیا کے بینک میں فکسڈ ڈپازٹ کے طور پر رکھنا اور وہاں جائیداد خریدنا بھی لازمی شرائط میں شامل ہے۔ تاہم بینک میں جمع کرائی جانے والی رقم اور جائیداد کی کم از کم مالیت کا تعین منتخب کردہ کیٹیگری کے حساب سے کیا جاتا ہے۔درخواست جمع کرانے کا عمل ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت سے لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرز کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے، جبکہ درخواست کی منظوری دینے کا حتمی اختیار ملائیشیا کے محکمہ امیگریشن کے پاس ہے۔پاکستان میں مجاز نمائندے کی تقرری سے پاکستانی شہریوں کو ایم ایم ٹو ایچ پروگرام میں شمولیت کے لیے مقامی سطح پر معلومات اور معاونت میسر آسکے گی، جس سے ملائیشیا میں طویل مدتی قیام کے خواہشمند افراد کے لیے درخواست کا طریقہ کار سمجھنے میں آسانی پیدا ہوگی۔



















































