اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سردیوں کے موسم میں گیس کی ممکنہ کمی سے نمٹنے کے لیے حکومت نے ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کے ٹینڈر میں عالمی سپلائرز سے بولیاں وصول کرنے کی تاریخ بڑھا کر 30 نومبر مقرر کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کے ساتھ ایک کارگو کی ترسیل کا شیڈول بھی تبدیل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے 12 نومبر کو دسمبر 2026 اور جنوری 2027 کے دوران سپلائی کے لیے ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کا ٹینڈر جاری کیا تھا۔ ابتدائی طور پر بین الاقوامی کمپنیوں اور سپلائرز کو اپنی پیشکشیں 18 نومبر تک جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب بولیاں جمع کرانے کی مہلت میں 30 نومبر تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ عالمی سپلائرز اسی تاریخ تک اپنی پیشکشیں جمع کراسکیں گے، جبکہ موصول ہونے والی تمام بولیاں بھی 30 نومبر کو کھولی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق پہلے ایل این جی کارگو کی آمد کے شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے نئی تاریخیں 25 اور 26 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہیں۔ اس سے پہلے اس کارگو کی ترسیل 14 سے 16 دسمبر کے درمیان طے تھی۔دوسری جانب دوسرے کارگو کی سپلائی کے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اس کی ڈیلیوری 9 سے 11 جنوری 2027 کے دوران متوقع ہے۔



















































