اسلام آباد (نیوز ڈٰیسک)امریکا میں صرف ایک ہفتے کے دوران ای میل، فضائی سفر اور بینکنگ کی ڈیجیٹل سروسز میں پیش آنے والی متعدد تکنیکی خرابیوں نے ملک کے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ اور قابلِ اعتماد ہونے کے حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مسائل کا آغاز ای میل سروسز میں تعطل سے ہوا، جس کے بعد ایئرلائنز کے ٹیکنالوجی نظام متاثر ہوئے اور اب امریکی بینکوں کی آن لائن خدمات میں بھی مشکلات سامنے آنے لگی ہیں۔ مسلسل پیش آنے والے ان واقعات کے باعث صارفین میں تشویش بڑھ رہی ہے کہ روزمرہ معاملات کے لیے استعمال ہونے والے ڈیجیٹل نظام کتنے مستحکم اور قابلِ بھروسا ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان تمام واقعات کو فی الحال تکنیکی خرابیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ایک مختصر مدت میں بار بار ایسے مسائل سامنے آنے سے ان کی وجوہات اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ پیر کے روز یونائیٹڈ ایئرلائنز کو بھی اپنے ٹیکنالوجی سسٹم میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس سے اس کے آپریشنز متاثر ہوئے۔سائبر سیکیورٹی کے ماہرین کے مطابق گزشتہ پانچ روز کے دوران مائیکروسافٹ، فضائی کمپنیوں اور بینکنگ سسٹم میں سامنے آنے والی تکنیکی مشکلات کے درمیان کسی براہِ راست رابطے کا ثبوت نہیں ملا۔
اس کے باوجود اتنے کم عرصے میں مختلف بڑے ڈیجیٹل نیٹ ورکس کا متاثر ہونا قابلِ توجہ اور تشویش ناک معاملہ ہے۔پالو آلٹو نیٹ ورکس کے سائبر تھریٹ انٹیلی جنس شعبے کی نائب صدر شیروڈ ڈی گریپو کا کہنا ہے کہ ان واقعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ عالمی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کس حد تک ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہے اور معمولی خرابی بھی کس طرح وسیع پیمانے پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق سافٹ ویئر میں چھوٹی سی خامی یا کسی راؤٹر کی ناکامی بھی بڑے ڈیجیٹل نظاموں کے کام میں خلل ڈالنے کا سبب بن سکتی ہے۔



















































