اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دو مرحلوں میں منعقد کرانے کی منظوری دے دی ہے،
جس کے تحت صوبے کے 36 اضلاع میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے دوران پولنگ کرائی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات دو حصوں میں کروانے کی تجویز پیش کی گئی تھی، جسے منظور کرلیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت 18 اضلاع میں پہلے مرحلے جبکہ باقی 18 اضلاع میں دوسرے مرحلے کے دوران بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔پہلے مرحلے میں چکوال، تلہ گنگ، سیالکوٹ، اوکاڑہ، قصور اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں، جبکہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور بہاولپور کو اس مرحلے میں شامل نہیں کیا گیا۔
دوسرے مرحلے میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع میں انتخابات منعقد کیے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری پنجاب کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس سلسلے میں تمام انتظامی اور ابتدائی اقدامات مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔



















































