لاہور(این این آئی)پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم 3 رجانہ سے درخانہ تک ،ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور عبدالحکیم سے شورکوٹ تک بند رہی۔ قومی شاہراہ پر خانیوال کے قریب بھی دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق موٹرویز کی بندش مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کی گئی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو رفتار کم رکھنے، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھنے، فوگ لائٹس استعمال کرنے اور غیر ضروری اوورٹیکنگ سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاہم ترجمان سید عمران احمد ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹر وے ایم 3 اور ایم 4 کو حد نگاہ بہتر ہونے پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔



















































