لاہور (این این آئی)مرکزی مسلم لیگ نے بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کو قانونی نوٹس بھجوا دیا،
قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مریم صفدر سات روز میں لگائے گئے الزامات پر معافی مانگیں، ایکس سمیت سوشل میڈیا سے بے بنیاد الزامات والی پوسٹیں ڈیلیٹ کریں،تحریری یقین دہانی کروائیں کہ آئندہ اس نوعیت کے ہتک آمیز الزامات نہ تو دہرائیں گی، نہ شائع کریں گی اور نہ ہی انہیں کسی دوسرے ذریعے سے پھیلائیں گی،اگر سات روز میں معافی نہ مانگی گئی تو مرکزی مسلم لیگ قانونی کاروائی کا حق رکھتی ہے۔قانونی نوٹس پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے ایڈووکیٹ محمد عامر حبیب کی جانب سے بھجوایاگیا جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022 سے ملک میں سیاسی و فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مریم نواز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکائونٹ ایکس اور الیکٹرانک میڈیا پر اپنے بیانات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر غیر قانونی پارٹی اور دہشتگرد پارٹی قرار دیا جو پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف توہین آمیز، جھوٹے، بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات ہیں۔ مرکزی مسلم لیگ نے 2024 کے عام انتخابات میں پارٹی کے انتخابی نشان کرسی پر حصہ لیا جبکہ پارٹی ملک بھر میں فلاحی منصوبوں کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد کر رہی ہے۔
پارٹی کی جانب سے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران امدادی کیمپ قائم کیے گئے اور تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی سمیت بنیادی ضروریات کے شعبوں میں خدمات انجام دی جا رہی ہیں۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ 8 نومبر 2026 کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی، اس لیے ایک قانونی طور پر رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو بغیر کسی ٹھوس قانونی بنیاد کے دہشتگرد تنظیم قرار دینا انتہائی سنگین معاملہ ہے۔قانونی نوٹس کے ذریعے مریم نواز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے خلاف ایسے بیانات دینے، شائع کرنے اور پھیلانے سے فوری طور پر باز آئیں، تمام متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹس، ویڈیوز اور مواد حذف کریں اور مرکزی مسلم لیگ کو غیر قانونی یا دہشتگرد قرار دینے کے الزامات باضابطہ طور پر واپس لیں۔نوٹس میں مرکزی مسلم لیگ کی قیادت، عہدیداران، کارکنان اور حامیوں سے اسی پلیٹ فارم پر غیر مشروط تحریری اور عوامی معافی مانگنے، آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی تحریری یقین دہانی کرانے اور متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
قانونی نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کسی فرد یا قانونی طور پر تسلیم شدہ سیاسی جماعت کے خلاف جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی الزامات لگانے کا غیر محدود حق نہیں دیتی۔نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر مریم نواز نے سات روز کے اندر مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا تو پاکستان مرکزی مسلم لیگ اپنے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے متعلقہ قوانین کے تحت دیوانی اور فوجداری کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔



















































