اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل طور پر کیش لیس شہر بنانے کے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے 31 دسمبر کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے،
جبکہ 30 نومبر کے بعد وفاقی دارالحکومت کے اداروں میں نقد رقم کے ذریعے ادائیگیاں وصول نہیں کی جائیں گی۔اس حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر پیش رفت اور اسے کامیاب بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر اس منصوبے کو تیزی سے عملی شکل دی جارہی ہے۔ تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت اور تجاویز منصوبے کی کامیابی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی منصوبے کے تحت 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔وزیر مملکت کے مطابق 31 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام کاروباری مراکز اور مرچنٹس کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اس وقت تک تقریباً 26 ہزار مرچنٹس پہلے ہی کیش لیس نظام کا حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت صرف بڑے تجارتی مراکز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ چھوٹے دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مالیاتی معاملات میں شفافیت بڑھے گی، ٹیکس کی نگرانی بہتر ہوگی اور لین دین کا عمل زیادہ مؤثر بنایا جاسکے گا۔طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کو جدید ڈیجیٹل شہر میں تبدیل کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔اجلاس میں شریک بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے حکومتی منصوبے کو سراہتے ہوئے اس کی تکمیل کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔



















































