اسلام آباد(نیوزڈیسک)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے یورپی یونین کے کمشنر برائے مایئگریشن دمیترس اورامو پالس کے مذاکرات کامیاب ہوگئے جس میں دونوں رہنماﺅں نے دہشتگردی اور انسانی سمگلنگ کے ساتھ اسلامو فوبیا کا ملکر مقابلہ کر نے پر اتفاق کیا ہے ۔ پیر کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے یورپی یونین کے کمشنر برائے مائیگریشن دمیترس اورامو پالس نے ملاقات کی جس میں پاکستانی تارکین وطن کو ڈی پورٹ کئے جانے .دہشتگردی اور انسانی سمگلنگ سمیت متعلقہ امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں شخصیات نے اتفاق کیا کہ دہشتگردی اور انسانی سمگلنگ کےساتھ ساتھ دنیا بھر بالخصوص مغرب میں اسلامو فوبیا کا بھی ملکر مقابلہ کیا جائیگا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ یورپ سے پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کئے جانے سے قبل پاکستانی حکومت کے تحفظات دور کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں ایک واضح لائحہ عمل طے کیا جائیگا جس کے تحت پاکستانی تارکین وطن کو ڈی پوٹ کیا جائیگا اس حوالے سے لائحہ عمل کی تیاری کےلئے دونوں جانب سے اعلیٰ حکام اور ماہرین نے کام شروع کر دیا ہے اور پیر کو ہی اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس میں اس حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا کمشنر اورامو پالس نے کہاکہ پاکستان کے تحفظات کا احساس ہے ، ہم آپکے ساتھ ملکر ان تمام تحفظات کو دور کرنا چاہتے ہیں انہوںنے کہاکہ ےورپ سے بھیجے گئے ڈی پورٹیز کو اب آئےندہ پاکستان کے تحفظات کا حل نکال کر ایک واضح ایس او پی کے تحت بھےجا جائےگا۔