نوٹ: اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے مفت نہیں ہے‘ آپ ماہانہ 10300 یا 5300 روپے ادا کر کے ہمارے مستقل واٹس ایپ گروپ میں شامل ہو سکتے ہیں جہاں آپ کو جاوید چودھری کے کالم وقت سے پہلے اور اشتہارات کے بغیر ملیں گے‘ ہمارا واٹس ایپ گروپ ایکٹو ہو چکا ہے‘اس گرو پ میں جاوید چودھری صاحب بھی شامل ہیں‘ آپ جاوید چودھری صاحب سے کالم سے متعلق سوال بھی کر سکتے ہیں‘ وہ خود آپ کے سوالوں کا جواب دیں گے‘ آپ اس گروپ میں شامل ہونے کے لیے موبائل نمبر 5362221 92332+پر امجد خلیفہ سے رابطہ کر سکتے ہیں لیکن آپ اگر مستقل ممبر نہیں بننا چاہتے تو بھی آپ کو اخلاقی طور پر اس تحریر کی کچھ نہ کچھ پے منٹ ضرور کرنی چاہیے‘ آپ خود اس تحریر کی قیمت کا فیصلہ کر کے اپنی رقم 5366774 0310موبائل نمبر پر جمشید خان کو ایزی پیسہ کر سکتے ہیں۔
بیوی کو بھی پتا نہیں چلنا چاہیے
والد اس وقت سٹڈی میں کتاب پڑھ رہے تھے‘ بیٹا ڈرتے ڈرتے سٹڈی میں داخل ہوا‘ والد سے معذرت کی اور عرض کیا ’’میں زندگی کے مشکل ترین دور میں داخل ہو رہا ہوں‘ مجھے آپ کا مشورہ چاہیے‘ کیا میں آپ کے پانچ منٹ لے سکتا ہوں؟‘‘ والد نے مسکرا کر کتاب بند کی اور بیٹے کو بیٹھنے کا اشارہ کر دیا‘ باپ اور بیٹا دونوں اپنے زمانے کے مشہور ترین لوگ تھے‘ باپ ارب پتی تھا‘ امریکا میں شراب پر پابندی لگی تو اس نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا‘ شراب کی فیکٹریاں لگائیں‘ شراب خانوں کا نیٹ ورک تخلیق کیا اور کروڑوں ڈالر کمائے‘سٹاک ایکسچینج کا بوم آیا تو وہ سٹاک سرمایہ کار بن گیا اور کمال کر دیا‘ فارمنگ کے بزنس میں بھی آیا‘ فلمیں بھی بنائیں‘ سٹوڈیوز بھی تعمیر کیے‘ بڑے ٹھیکے بھی لیے اور بینکوں میں بھی سرمایہ کاری کی‘ وہ برطانیہ میں امریکا کا سفیر بھی رہا اور اس زمانے میں اس کے برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ براہ راست تعلقات بن گئے‘ بڑھاپا شروع ہوا تو وہ اپنے خاندان کو سیاست میں لے آیا اور ڈیموکریٹک پارٹی پر تقریباً قابض ہو گیا چناں چہ میڈیا سے لے کر بزنس تک امریکا میں صرف اور صرف اس کا خاندان نظر آتا تھا اور وہ اس ساری ایمپائر کا اکیلا آرکی ٹیکٹ تھا‘ اس کا نام جوزف پیٹرک کینیڈی تھا‘ لوگ اسے کینیڈی سینئر کہتے تھے جب کہ بیٹے کا نام جان ایف کینیڈی تھی اور اس نے تازہ تازہ صدارتی الیکشن جیتا تھا اور وہ اتنی بڑی کام یابی کے بعد اپنے گرو اور اپنے استاد سے انتہائی اہم مشورہ کرنا چاہتا تھا‘ وہ 1961ء نومبر کی ایک انتہائی
سرد دوپہر تھی‘ آتش دان میں لکڑیاں سلگ رہی تھیں اور سٹڈی میں ساگوان اور سگار کی خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔
جان ایف کینیڈی صدارتی الیکشن جیت کر پورے امریکا پر اپنا سکہ جما چکا تھا‘ وہ امریکا کا تاریخی صدر بن کر اپنے والد کے سامنے بیٹھا تھا‘ بیٹے نے باپ سے کہا ’’آپ میری بیوی جیکولین سے اچھی طرح واقف ہیں‘ یہ بہت تیز اور آتشی مزاج کی عورت ہے‘ یہ چیٹنگ برداشت نہیں کرتی‘ میں آپ کے سامنے اعتراف کرتا ہوں میرے کئی عورتوں کے ساتھ خفیہ تعلقات ہیں‘ میں آج تک انہیں چھپانے میں کام یاب رہا ہوں‘ آپ اور جیکولین جیسے تیز طرار لوگوں کو بھی ان کی بھنک نہیں پڑی لیکن میں اب دنیا کی سپرپاور کا صدر ہوں‘ آج سے میرا ایک ایک سیکنڈ سب کے سامنے ہو گا‘ مجھ پر میڈیا اور خفیہ اداروں کی نظریں ہوں گی لہٰذا مجھے خطرہ ہے میں اپنے معاشقوں کو اب زیادہ دیر تک اپنی بیوی سے پوشیدہ نہیں رکھ سکوں گا اور اگر ایک بار جیکولین کو پتا چل گیا تو یہ میری زندگی عذاب بنا دے گی‘
مجھے سمجھ نہیں آ رہی میں کیا کروں؟‘‘ کینیڈی سینئر نے یہ سن کر قہقہہ لگایا‘ تھوڑی دیر سوچا اور پھر بولا ’’میرا مخلصانہ مشورہ ہے تم استعفیٰ دے دو‘ وائیٹ ہائوس نہ جائو‘‘ یہ مشورہ جان ایف کینیڈی کے لیے بم تھا‘ اس کا خیال تھا والد اسے میڈیا‘ خفیہ اداروں اور جیکولین سے بچنے کے طریقے بتائیں گے لیکن انہوں نے اسے سیدھا سادا صدارت چھوڑنے کا مشورہ دے دیا اور وہ بھی امریکا جیسے ملک کی صدارت سے جس کے لیے دنیا کے بڑے شہنشاہ اور تمام کھرب پتی دعائیں کرتے رہتے ہیں‘ جان ایف کینیڈی نے حیران ہو کر والد سے پوچھا ’’سر مجھے آپ کے مشورے کی سمجھ نہیں آئی‘‘ کینیڈی سینئر گھٹنوں پر ہاتھ رکھ کر آگے کی طرف جھکا اور مسکرا کر بولا ’’ میں یہ سمجھتا ہوں جو شخص اپنی بیوی سے اپنے معاشقے نہیں چھپا سکتا اسے امریکا جیسے ملک کا صدر نہیں ہونا چاہیے‘‘ اس کے ساتھ ہی دونوں کینیڈیز نے قہقہہ لگایا‘ دونوں ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے اور مبارک باد پیش کر کے الگ الگ ہوگئے۔
کاروبار سلطنت بہت نازک اور باریک ہوتا ہے‘ اس میں راز ایٹم بم کی حیثیت رکھتا ہے‘ حکمران کیا سوچ رہے ہیں یا یہ کیا کرنا چاہتے ہیں اگر لوگوں کو اس کا علم ہونے لگے تو پھر کاروبار سلطنت بکھرتے دیر نہیں لگتی‘ ماضی میں امریکا اور سوویت یونین کے درمیان یہی فرق تھا‘ امریکی صدور اپنے خیال کو اپنی آنکھوں میں بھی نہیں آنے دیتے تھے جب کہ سوویت یونین کے صدر کیا کرنا چاہتے ہیں یہ پوری دنیا کو معلوم ہوجاتا تھا چناں چہ امریکا سپر پاور سے سپر پاور بنتا چلا گیا جب کہ سوویت یونین ٹوٹ کر بکھر گیا‘ امریکی صدور کس حد تک گہرے ہوتے تھے آپ اس کا اندازہ 1945ء کے جاپان پر ایٹمی حملوں سے لگا لیجیے۔ دوسری جنگ عظیم کے آخر میں جرمنی کے سرینڈر کے بعد جرمن شہر پوٹس ڈیم (Potsdam) میں امریکی صدر ہیری ایس ٹرومین‘ برطانوی وزیراعظم سرونسٹن چرچل اور سوویت یونین کے صدر جوزف سٹالن کی لمبی میٹنگ ہوئی‘ اسے پوسٹ ڈیم کانفرنس کہا جاتا ہے‘ یہ دنیا کی تاریخ کی اہم اور نازک ترین کانفرنس تھی‘ آپ کو آج اقوام متحدہ سے لے کر ورلڈ بینک تک اور تیل کی تجارت سے لے کر ڈالر اکانومی تک جتنے بھی عالمی ادارے‘ بڑے فیصلے اور انٹرنیشنل معاہدے نظر آتے ہیں ان کی بنیاد 1945ء میں پوٹس ڈیم کانفرنس میں رکھی گئی تھی‘ یہ کانفرنس 17 جولائی 1945ء کو شروع ہوئی اور دو اگست 1945ء تک جاری رہی‘ صدر ٹرومین سے قبل فرینکلن ڈی روز ویلٹ امریکا کے صدر تھے‘ انہوں نے جون 1942ء میں مین ہیٹن پراجیکٹ کے نام سے ایٹمی پروگرام شروع کیا تھا‘ امریکا نے 16جولائی کو کام یاب ایٹمی تجربہ کر لیا تھا لیکن اس کا اعلان نہیں کیا گیا‘
تینوں سربراہان ’’پوٹس ڈیم کانفرنس‘‘ کے دوران جاپان کے رویے پر بات چیت کرتے رہے‘ تینوں اتحادیوں کا خیال تھا ہمیں جاپان پر بھرپور حملہ کرنا پڑے گا ورنہ دوسری عالمی جنگ کبھی ختم نہیں ہو گی‘ آپ ہیری ایس ٹرومین کا کمال دیکھیے‘ اس نے کانفرنس کے دوران اپنے کسی انداز سے کسی کو کانوں کان خبر نہیں ہونے دی امریکا ایٹم بم بنا چکا ہے اور یہ انہیں جاپان کے قریب شفٹ بھی کر چکا ہے‘ صدر ٹرومین نے 24 جولائی کو لنچ کے دوران ہلکے پھلکے انداز سے روسی صدر جوزف سٹالن سے ذکر کیا ’’ہم نے بڑی تباہی پھیلانے والے ہتھیار بنا لیے ہیں‘ ہم انہیں جاپان پراستعمال کرنے کا سوچ رہے ہیں‘‘ ٹرومین نے یہ ذکر اتنے عامیانہ انداز سے کیا کہ جوزف سٹالن کو ایٹم بم کے بارے میں ذرا برابر بھی احساس نہیں ہوا‘ بہرحال قصہ مختصر امریکا نے پوٹس ڈیم کانفرنس کے خاتمے کے صرف چار دن بعد (6 اگست کو) ہیروشیا پر ایٹم بم گرا دیا ‘ صدر ٹرومین کے اس فیصلے کا اس کی بیوی کو بھی علم نہیں تھا‘ اتحادی تو دور صدر کی کابینہ بھی اس فیصلے سے ناواقف تھی‘ صدر ٹرومین اس رات بھی معمول کے مطابق سویا تھا اور روٹین کے مطابق اٹھا تھا اور اس کے قریبی ترین اور مزاج شناس ملازمین تک کو اندازہ نہیں ہوا صدر کیا سوچ رہا ہے اور یہ ایک ایسا حکم دے چکا ہے جس سے پوری دنیا کا جغرافیہ اور سوچ بدل جائے گی‘ امریکی کابینہ اور عوام دونوں کو یہ اطلاع حملے اور ہیروشیا کی تباہی کے بعد ملی‘ اسے کہتے ہیں صدارتی یا ریاستی اعصاب یعنی آپ کی سوچ زبان تو دور آپ کی آنکھوں میں بھی نہ آ پائے۔
مغل بادشاہوں میں اورنگ زیب عالمگیر میں یہ خوبی تھی‘ وہ اپنا راز کسی کے سامنے بھی آشکار نہیں ہونے دیتا تھا‘ وہ جب شہزادہ تھا اور اپنے والد شاہ جہاں کے دربار میں بیٹھتا تھا‘اس نے اس وقت بھی اپنے والد کو یہ اندازہ نہیں ہونے دیا ’’میں ابا حضور کو گرفتار کر کے قید خانے میں ڈالنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں‘‘ اس کے بھائیوں کو بھی علم نہیں ہو سکا یہ ہمیں ہمارے خاندان سمیت تباہ کر دے گا‘ وہ بے چارے مرنے تک اس خوش فہمی کا شکار رہے اورنگ زیب شاہ جہاں کو قید میں ڈالنے تک تخت ہمارے حوالے کر دے گا تاہم اس کا ایک خادم اس کا خوف ناک حد تک مزاج شناس تھا‘ وہ ظالم ایک صبح اس کی جنگی تلوار لے کر حاضر ہو گیا اور عرض کیا ’’حضور یہ تیار ہے‘ میں نے اس کی نئی دھار لگوا دی ہے‘‘ بادشاہ نے حیرت سے اس کی طرف دیکھ کر پوچھا ’’تم نے میری تلوار کیوںتیار کی؟‘‘ خادم نے عرض کیا ’’جہاں پناہ دکن پر حملے کا فیصلہ کر چکے ہیں‘
میں نے یہ بندوبست اس کے لیے کیا‘‘ بادشاہ کی حیرت میں اضافہ ہو گیا اور اس نے پوچھا ’’تمہیں یہ خبر کس نے دی میں دکن پر حملہ کرنے لگا ہوں!‘‘ خادم نے عرض کیا’’ جناب آج صبح جب میں آپ کو وضو کرا رہا تھا تو آپ نے آخر میں دکن کی طرف منہ کر کے دو بار داڑھی پر ہاتھ پھیر کر فرمایا تھا ان شاء اللہ‘ ان شاء اللہ‘ حضور نے یہ انداز پہلی بار اختیار فرمایا تھا لہٰذا میں سمجھ گیا اب دکن کی خیر نہیں‘‘ بادشاہ پریشان ہو گیا کیوں کہ اس نے دکن پر حملے کا فیصلہ تہجد کے وقت کیا تھا اور وہ خادم اس کا اس قدر مزاج شناس تھا کہ اس نے صرف داڑھی پر ہاتھ پھیرنے سے اس کے جنگی عزائم کا اندازہ کر لیا‘ آپ اس سے ہیری ایس ٹرومین کے اعصاب کا اندازہ کر لیجیے‘ وہ کیا سوچتا تھا اس کا اندازہ دنیا کے کسی ادارے اور کسی شخصیت تک کو نہیں ہوپاتا تھا حتیٰ کہ جاپان بھی آخری وقت تک خوش فہمی میں رہا‘ ہیروشیما کے لوگ چھ اگست 1945ء کے دن بھی معمول کے مطابق اٹھے لیکن وہ ان کی آخری صبح ثابت ہوئی۔ پاکستان کے حکمرانوں میں جنرل ضیاء الحق میں یہ خوبی تھی‘ وہ اپنے راز کو راز رکھ سکتے تھے‘ وہ کس قدر گہرے انسان تھے یہ میں آپ کو اگلے کالم میں عرض کروں گا۔



















































