نئی دہلی( این این آئی)بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے تقریباً دو سال بعد وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ کے حصول کی درخواست دی ہے۔
شیخ حسینہ کو عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا تھا، بنگلہ دیشی حکومت ان کی بھارت سے حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے تاہم ماضی میں حکومت نے ان اطلاعات کو مسترد کیا تھا کہ وطن واپسی کے لیے انہیں نئی شناختی دستاویزات کی ضرورت ہے۔شیخ حسینہ نے رواں ماہ امریکی خبر ایجنسی کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ ہر صورت دسمبر میں بنگلہ دیش جائیں گی، اب لندن میں بنگلہ دیش کے اعلی سفارت کار کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے
ایک خط میں شیخ حسینہ کے وکیل نے ان کے لیے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔شیخ حسینہ کے معاون ابو عبیدہ آرین نے کہا کہ یہ ان کی وطن واپسی کی جانب ایک اہم قدم ہے، سابق حکومت کی جانب سے دستاویزات منسوخ کیے جانے کے بعد محترمہ اپنی بنیادی شہری حیثیت اور حقوق بحال کرانے اور ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ دسمبر تک بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ یقینا وطن واپس جائیں گی۔بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔



















































